40 حج کرنے والے معمر ترین سعودی شہری انتقال کر گئے – World



سعودی عرب کے معمر ترین شہری ناصر بن ردان الراشد الوداعی 142 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے جدید سعودی عرب کے قیام اور اتحاد کا پورا عمل اپنی آنکھوں سے دیکھا اور زندگی میں 40 سے زائد مرتبہ حج کی سعادت حاصل کی۔

ناصر بن ردان الراشد الوداعی کی نمازِ جنازہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے ظہران الجنوب میں ادا کی گئی، جس میں تقریباً 7 ہزار افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں آبائی گاؤں الراشد میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

ان کی زندگی ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط رہی۔ وہ جزیرہ نما عرب کے مختلف قبائل اور علاقوں کے یکجا ہونے اور 1932 میں مملکتِ سعودی عرب کے باقاعدہ قیام کے تاریخی گواہ تھے۔

انہوں نے سعودی عرب کو ایک پسماندہ صحرائی علاقے سے جدید اور خوشحال ملک میں تبدیل ہوتے دیکھا۔

ناصر بن ردان کی پیدائش سعودی عرب کے اتحاد سے قبل ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز آلِ سعود کے دور سے لے کر موجودہ فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد تک تمام ادوار دیکھے۔

ان کے اہلِ خانہ کے مطابق ناصر بن ردان نے 40 سے زائد مرتبہ حج کی سعادت حاصل کی اور وہ گہری مذہبی وابستگی کے باعث جانے جاتے تھے۔

ناصر بن ردان نے سوگواران میں کُل 134 بچے چھوڑے جن میں ان کی اولاد اور پوتے، پوتیاں شامل ہیں۔ آخری بار انہوں نے 110 برس کی عمر میں شادی کی، جس کے بعد ان کے ہاں ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی تھی۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *