انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے مقدمے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ٹرائل کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 21 ملزمان کے حتمی بیانات قلمبند کیے گئے تھے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے 56 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹرائل کے دوران 4 ملزمان کو اشتہاری بھی قرار دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ دو برس قبل نو مئی 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی رینجرز اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں عسکری املاک پر بھی حملے کیے گئے تھے۔
اس کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں۔