ہم دشمن کو چھپ کر نہیں للکار کر مارتے ہیں: چیف آف ڈیفنس فورسز – Pakistan



چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے بھارت کو دہشت گردی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر مارتے ہیں، اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا۔

بدھ کو چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا باہمی تعلق انتہائی گہرا اور روحانی بنیادوں پر قائم ہے، پاکستان اور مسلم دنیا کے درمیان دفاعی تعاون ایک تاریخی معاہدے کی شکل اختیار کرچکا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا، جو ہمارے لیے اعزاز کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے۔

عاصم منیر نے زور دیا کہ جس قوم نے علم و قلم کو چھوڑا، وہاں انتشار اور فساد نے جنم لیا، علم اور تحقیق ہی ترقی و استحکام کا اصل راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں بلکہ محنت، علم اور اتحاد سے حاصل ہوتی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست کی ذمہ داری ہے، کوئی فرد یا گروہ اس کا خود اختیار نہیں رکھتا۔ دہشت گردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وطیرہ ہے، ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں، اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز کے مطابق معرکہ حق میں پاکستان نے اللّٰہ کی نصرت سے کامیابیاں حاصل کیں اور یہ سفر اتحاد کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔

فیلڈ مارشل نے علما و مشائخ پر زور دیا کہ وہ قوم کو متحد رکھیں، فکری وسعت پیدا کریں اور نوجوان نسل کی رہنمائی میں اپنا کردار مضبوط کریں۔

تقریب کے آخر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا نعرہ بلند کیا۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *