آسٹریلیا: یہودیوں کے تہوار کی تقریب پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک – World



آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے میں اتوار کے روز یہودیوں کے تہوار کی تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف سیاحتی مقام بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ جبکہ مقامی پولیس کی جانب سے ہلاکتوں کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بونڈی بیچ پر فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نیو ساؤتھ ویلز ایمبولینس سروس کے ترجمان نے بتایا کہ 13 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزے نے واقعے کو انتہائی چونکا دینے والا اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ بونڈی بیچ سے دو افراد کو حواست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی آپریشن تاحال جاری ہے اور وہ علاقے میں جانے سے گریز کریں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بونڈی بیچ پر موجود لوگوں کو فائرنگ اور پولیس سائرن کی آوازوں کے دوران بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ویڈیو میں سیاہ شرٹ میں ملبوس مبینہ حملہ آور کو بندوق سے فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جسے سفید ٹی شرٹ پہنے ایک شخص نے قابو میں لے کر اسلحہ چھین لیا۔

واضح رہے کہ بونڈی بیچ دنیا کے مشہور ترین ساحلوں میں شمار ہوتا ہے جہاں ہفتہ اور اتوار کے روز مقامی افراد اور سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *