پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ چیمپئن بننے کے قریب – Sports



دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فائنل میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ پاکستان کے 348 رنز کے تعاقب میں بھارت اب تک 7 وکٹیں کھوچکا ہے۔

دبئی اسٹیڈیم میں اتوار کے روز کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو غلط ثابت ہوتا نظر آرہا ہے۔
پاکستان کے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاہینوں کی شاندار بالنگ کے سامنے بھارتی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مرحلے پر بھارت 104 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکا ہے۔
بھارت کی پہلی وکٹ 31 رنز پر گری، جب اوپنر ایوش مہاترے دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آرون جارج 49 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ اوپنر ویبھو سوریاونشی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار اور پُراعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی بیٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بھرپور اعتماد کے ساتھ بھارتی بولرز پر دباؤ قائم کیے رکھا اور اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھاتے رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر سمیر منہاس نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔
احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35 جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 19 رنز بنا کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور ٹائٹل جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ ان کے مطابق ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی فائنل میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاکستان نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرایا تھا۔

یاد رہے کہ اس یادگار فتح کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا تاج اپنے سر پر سجانے میں کامیاب ہوجائے گا۔ اس سے قبل 2012 میں پاکستان، بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا تھا۔ پاکستان دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ بھی اپنے نام کرچکا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *