عمران اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ چیلنج کرنے کی تیاری – Pakistan



توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کو چیلنج کرنے کیلئے اپیلیں تیار کر لی ہیں، یہ اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق یہ اپیلیں پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی جائیں گی، جن میں فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی۔

اسلام آباد کی ایک عدالت نے 20 دسمبر کو توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

تحریک انصاف نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنا کا اعلان کیا تھا۔

تیار کی گئی اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے برطرف کیے گئے انعام اللہ شاہ اور وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار کیا، جو قانونی طور پر ممکن نہیں تھا۔

اپیل میں استدلال پیش کیا گیا ہے کہ استغاثہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہو سکے اور ایک ہی جرم میں متعدد مرتبہ سزا نہیں دی جا سکتی۔ مزید برآں، اسپیشل سینٹرل عدالت کو اس کیس کی سماعت کا اختیار نہیں تھا۔

اپیل کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا، بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے کے پاس تھا، مقدمہ بغیر مناسب تفتیش کے قائم کیا گیا، اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپیل میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سرکاری ملازم کی تعریف میں نہیں آتا، اس لیے ان کے خلاف کارروائی قانون کے منافی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *