وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے جہاں صوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی نے ان کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے پہنچی جنہوں نے نعروں کے ساتھ وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ وزیراعلیٰ نے اس محبت بھرے استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کارکنوں کے جذبات کو سراہا۔
ایئرپورٹ سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ سے وہ انصاف ہاؤس پہنچیں گے، جہاں پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور موجودہ سیاسی صورتحال سمیت تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آمد پر پی ٹی آئی کارکنان کی آمد سے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ کراچی میں جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیرِ بلدیات ناصر شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے باغ جناح میں جلسے کی اجازت مانگی ہے، اور وہ دی جارہی ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کےپی سہیل آفریدی کا سندھ میں بھرپور استقبال کریں گے، سہیل آفریدی سیاسی سرگرمیاں کریں، جلسہ بھی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جاسکتا، قانون کی خلاف ورزی ہو تومسائل پیدا ہوسکتے ہیں، لیکن جلسہ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج کراچی آنے سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ تین روزہ دورے پر سندھ جا رہا ہوں، جہاں اتوار کو مزارِ قائد پر کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز سے روانہ ہوئے، صوبائی کابینہ کے ارکین بھی وزیراعلی سہیل آفریدی کے ہمراہ موجود تھی۔
سہیل آفریدی نے نجی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی آنا تھا تاہم پرواز کی روانگی میں تاخیر کے باعث فلائٹ تبدیل کی گئی۔
ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ سندھ کے عوام بھرپور تیاری کریں اور اسٹریٹ موومنٹ میں ساتھ دیں۔
سندھ کے دورے کے موقع پر جاری پیغام میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے کونے کونے تک پہنچاؤں گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی کے دورے کے دوران مختلف شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے، سہیل آفریدی پہلے انصاف ہاوس جائیں گے، کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے اور کل حیدرآباد روانہ ہوں گے جبکہ اتوار کو مزار قائد پر جلسے کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی بلدیہ ٹاون میں استقبالیہ میں شرکت کریں گے، اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے تاجروں نے سہیل آفریدی سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔