جلسہ ہر صورت ہوگا، جلسہ گاہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں: سہیل آفریدی – Pakistan



Ads

پاکستان تحریکِ انصاف نے آج کراچی میں مزارِ قائد کے سامنے جلسے کی کال دے رکھی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ جلسے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے جلسے کے لیے روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں کہا کہ کراچی آنے اور باغِ جناح جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے، اس کے باوجود ہم جلسہ کریں گے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے جس طرح مہمانوں کو عزت دی وہ سب نے دیکھ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی جعلی حکومت سندھی ٹوپی اور اجرک کو عزت نہیں دے پائی تاہم عوام نے انہیں عزت دی ہے اوروہ سندھی ٹوپی اور اجرک کی لاج رکھیں گے۔

دوسرے پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا کہ آج کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا اور اسے روکنے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلسہ گاہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، کراچی کے ہر کونے سے کارکن نکلیں اور ہمارے قافلے کا حصہ بنیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارا قافلہ بلدیہ ٹاؤن سے کیماڑی کی طرف بڑھ رہا ہے جو کیماڑی سے بنارس چوک کی طرف جائے گا۔ جس کے بعد اس قافلے کا رُخ گرومندر کی جانب ہوگا جہاں مزارِ قائد پہنچ کر جلسہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ہمراہ گاڑی میں سلمان اکرم راجہ اور حلیم عادل شیخ بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کا آج آخری روز ہے۔ سندھ حکومت آخری دن بدمزگی پیدا نہ کرے اور ماحول کو اچھا رہنے دیا جائے۔

انہوں نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہت برداشت کیا ہے، ایک دن آپ بھی صبر کر لیں۔

بیرسٹر گوہر نے کراچی کے عوام سے جلسے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ مقررہ وقت اورمقام پر جمہوری انداز میں ہوگا۔ یہ جلسہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ حقوق کے لئے ہوگا۔

پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر حال میں جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمارے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا اور مینڈیٹ لوٹا گیا۔ انہوں نے 8 فروری کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بھی اپیل کی۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورۂ سندھ پر انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ایک آئینی عہدہ ہے اور حکومتِ سندھ نے آئینی تقاضوں کے مطابق اس عہدے کا مکمل احترام کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی انتظامیہ حکومتِ سندھ سے مسلسل رابطے میں رہی، اجازت کے باوجود الزامات عائد کرنا مناسب عمل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پہلے روز ہی واضح کر دیا تھا کہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے نہیں روکا گیا، مسئلہ سڑکوں پر ریلیوں اور جلوسوں کا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر ریلیوں سے ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان قانون ہاتھ میں نہ لیں اور حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔

گزشتہ روز حیدرآباد سے واپسی پر راستے بند کرنے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حیدرآباد میں پی ٹی آئی نے دیے گئے روٹ پر عمل نہیں کیا اور اپنی مرضی کا راستہ اختیار کیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے قافلے کو کہیں نہیں روکا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پُل پر اکثر ٹریفک جام رہتا ہے، یہ معمول کا مسئلہ ہے۔ ہیوی ٹریفک اور ٹرالرز روزانہ اسی مقام سے گزرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں تحریکِ انصاف کی جانب سے اتوار کے روز جلسے کی کال پر مزارِ قائد اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

باغِ جناح کے چاروں اطراف پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں آنکھ مچولی جاری ہے، سولجربازار سے نمائش آنے والے مظاہرین پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جس پر کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *