محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر – Pakistan



قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل مکمل ہو گیا، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے۔

ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن پر دستخط کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی رہنما گوہر علی خان اور عامر ڈوگر کے حوالے کر دیا۔

اس طرح قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی قیادت سے متعلق معاملہ باقاعدہ طور پر طے پا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔ آغاز ہی میں اسپیکر نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔

اس موقع پر اسپیکر نے چیف وہپ کو اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لیے اپنے چیمبر میں بلا لیا اور کہا کہ عامر ڈوگر آپ میرے چیمبر آئیں، آپ کو نوٹیفکیشن دینا ہے۔  بعد ازاں انہوں نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا باضابطہ اعلان کیا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اس کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی رہنمائی سے ایوان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں انہیں بھی مشاورت کے لیے دعوت دی جائے گی۔

جس پر بیرسٹر گوہر نے ایوان کو یاد دلایا کہ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے اجرا سے متعلق جمعرات تک وعدہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے نا اہل اور ممبر قومی اسمبلی کے منصب سے فارغ ہونے کے بعد بانی تحریک انصاف عمران خان نے اپوزیشن لیڈر کے لیے سینئر سیاستدان اور آئین پاکستان بحالی تحریک کے سرکردہ رہنما محمود خان اچکزئی کا نام تجویز کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے 70 سے زائد اراکین کے دستخطوں سے محمود خان اچکزئی کو بطور اپوزیشن لیڈر تعینات کرنے کی درخواست کی تھی اور کافی عرصہ سے انہیں اس عہدے پر تعیناتی کا مطالبہ کر رہے تھے۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *