وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی کا نوٹس لے لیا – Pakistan



Ads

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

صدر کے مصروف کاروباری علاقے میں واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے غفلت یا لاپرواہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور کراچی کی تمام کمرشل عمارتوں میں ہنگامی بنیادوں پر فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اُدھرسندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد تمام صوبائی ادارے متحرک ہوگئے اور امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئیں۔

ان کے مطابق 40 سے زائد اسنارکلز آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 60 فیصد سے زائد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اولین ترجیح عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنا اور مکمل طور پر آگ بجھانا ہے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی گل پلازہ کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ تاجروں کو ہر ممکن امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس سانحے میں حکومت کی تمام تر ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔



Source link

Post Comment