کراچی کے علاقے صدر میں واقع کوآپریٹو مارکیٹ کی چوتھی منزل پر فلیٹ میں آگ لگ گئی ہے۔
گل پلازہ کے بعد منگل کے روز کراچی میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں صدر میں واقع کوآپریٹو مارکیٹ کے فلیٹ میں آگ لگ گئی ہے۔ آگ 7 منزلہ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صدر کے علاقے میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی گاڑیاں روانہ کردی گئی ہیں تاکہ بروقت آگ پر قابو پایا جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہفتے کی رات ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ مارکیٹ میں لگنے والی آگ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ 85 تاحال لاپتہ ہیں۔
گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے باعث ہونے والے جانی نقصان کے باعث شہر قائد کی فضا سوگوار ہے، لوگ اب بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں اسپتالوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ ڈی این اے کے ذریعے لاشوں کے شناخت کرکے باقیات ورثا کے حوالے کی جارہی ہیں۔