انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ گروپ سی میں بنگلہ دیش کی جگہ لے گا، جہاں پہلے ہی انگلینڈ، اٹلی، نیپال اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جائے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش نے کھلاڑویوں کی سیکیورٹی کو بنیاد بناتے ہوئے ٹیم کو ہندوستان بھیجنے سے انکار کیا تھا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنے میچز کے وینیو میں تبدیلی کی باضابطہ درخواست آئی سی سی کو دے رکھی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ایونٹ میں شرکت سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے ایک دن کی مہلت دی گئی تھی اور واضح کیا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کے انکار پر اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہورہا ہے، بھارت اور سری لنکا اس ایونٹ کے مشترکہ میزبان ممالک ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق بنگلہ دیش کی درخواست کے بعد مختلف ماہرین نے بھارت میں سیکیورٹی کے حوالے سے جائزہ لیا۔ جس کے بعد یہ واضح ہوا ہے کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھارت میں کوئی خاص سیکیورٹی تھریٹ نہیں تھا۔
آئی سی سی کے مطابق اس معاملے پر بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ تین ہفتے تک مذاکرات کیے گئے۔ جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کیا جائے۔