ایران نے سرکاری طور پر ان رپورٹس کی سخت تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای روپوش ہو گئے ہیں۔
بھارت میں ایران کے جنرل قونصلر سعید رضا مصیب مطلق نے بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ سے گفتگو میں کہا کہ ایران کسی بھی غیر ملکی طاقت سے خوفزدہ نہیں ہے اور کچھ لوگ جان بوجھ کر جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
سعید رضا نے کہا کہ یہ فطری بات ہے کہ سپریم لیڈر کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اہلکار موجود ہوں گے، جیسا کہ دیگر ممالک میں ہوتا ہے، لیکن یہ سوچنا درست نہیں کہ وہ کسی بنکر میں چھپے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ خامنہ ای ضروری اجلاس حکام کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ اور دیگر جدید آلات کے ذریعے منعقد کر رہے ہیں، جس سے ان کے رہنمائی کے امور بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی ایک نیوز ویب سائٹ ’ایران انٹرنیشنل‘ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ممکنہ امریکی حملے کے خدشے کے پیشِ نظر تہران میں ایک خصوصی پناہ گاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلامی انقلاب گارڈز کور (آئی آر جی سی) کے کمانڈر جنرل محمد پاکپور نے کہا کہ امریکی جنگی بحری جہاز مشرقِ وسطیٰ کی جانب بڑھ رہے ہیں، لیکن ایران کی فوج پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہے اور ہتھیار ہاتھ میں ہیں۔
جنرل پاکپور نے امریکی اور اسرائیلی افواج کو کسی بھی غلط اقدام سے اجتناب کرنے کی واضح وارننگ بھی دی ہے۔