ایبٹ آباد میں پھنسے سیاح ریسکیو، محفوظ مقام پر منتقل، کئی سڑکیں بحال نہ ہوسکیں – Pakistan



ایبٹ آباد میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے، چھانگلہ کے قریب پھنسنے والے سیاحوں کی 2 گاڑیوں کو مقامی لوگوں اور ریسکیو نے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے جب کہ مری روڈ سمیت کئی لنک روڈ بحال نہ ہوسکیں، آج رات سے دوبارہ برفباری شروع ہونے کا امکان ہے۔

ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام چھانگلہ گلی قریب 2 سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں تھیں، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد موجود تھے، مقامی لوگوں اور ریسکو اہلکاروں نے ان افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے۔

بارش اور برف باری کے بعد مری روڈ سمیت تمام لنک روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا تھا اور ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے فوری مشینری بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔

متاثرہ سیاح چھانگلہ گلی میں ٹھہرے ہوئے تھے اور روڈ بحال ہونے کے بعد نکلنے کی کوشش کر رہے تھے کہ شانگلہ گلی کے قریب ان گاڑیاں پھنس گئیں تھیں تاحال مری روڈ سمیت کئی لنک روڈ ٹریفک کے لیے بحال نہ ہو سکے، آج رات سے دوبارہ برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

دوسری طرف ادھر برف باری کے باعث پھنسے شہریوں کے انخلا کے لیے پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوٹلی تا نکیال سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی ہے۔

پاک فوج کی جانب سے جندروٹ اور پیرنسورہ میں برف باری کے دوران ریسیکو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی جانب سے متاثرین کو خوراک اور دیگر امدادی اشیاء بھی فراہم کی گئی۔

پاک فوج نے پیرنسورہ میں متعدد خاندانوں کو ریسکیو کرکے امداد بھی فراہم کی اور برف باری میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو پیٹرول بھی فراہم کیا۔

پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی رابطے بحال ہوئے ہیں، پاک فوج سخت موسمی حالت کے باوجود عوام کی خدمت اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔

شدید اور مسلسل برف باری کے باعث تیراہ میں معمولاتِ زندگی متاثر ہیں، پاک فوج کی جانب سے مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔

مسلسل اور شدید برف باری کے نتیجے میں علاقے میں مواصلاتی اور زمینی رابطوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس کے پیش نظر پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک پہنچتی رہیں۔

پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں کھانا، کمبل، ہنگامی طبی امداد اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش تقسیم کی جا رہی ہیں۔

پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی راستے بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ سخت موسمی حالات کے باوجود سیکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں پر مقامی شہریوں نے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔

پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، امن کے قیام اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *