بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے دوران 41 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 29 جنوری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کارروائی کے دوران 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ پنجگور میں بھی سکیورٹی فورسز نے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں فتنہ الہندوستان کے خلاف کی گئیں، پنجگور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں سے بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی، برآمد رقم 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی کی تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آپریشن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری ہے۔