اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں دس سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے وہاں موجود افراد نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو ٹیمیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بم اسکواڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے ترلائی میں پیش آنے والے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کے حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی صورتحال اور واقعے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین کا حکم دیا۔