آئی سی سی ٹی مینز ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ میچ میں بھارت نے امریکا کو جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دے دیا۔ بھارتی ٹاپ آرڈر ہوم گراؤنڈ پر بری طرح ناکام نظر آیا تاہم بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے 84 رنز نے بھارتی ٹیم کی لاج رکھ لی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں جاری میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز سے ہی امریکا کے باؤلرز نے بھارتی بیٹرز کو ہوم گراؤنڈ کنڈیشن کا فائدہ نہیں اٹھانے دیا اور پاور پلے میں ہی 4 کھلاڑی آؤٹ کردیے۔
بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد ایشان کشن نے 20 اور تِلک ورما نے 25 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم وہ بھی زیادہ دیر امریکی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکے۔
مڈل آرڈر میں شیوم دوبے، رینکو سنگھ اور ہاردک پانڈیا بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ امریکی باؤلرز نے بھارت کے تین کھلاڑیون کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔
بھارت نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے ہیں۔ 77 کے مجموعی اسکور پر 6 وکٹیں گرنے کے باوجود کپتان سوریا کمار نے 49 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
امریکا کی جانب سے شیڈلے وان شالکویک نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار کھلایوں کو آؤٹ کیا، ہرمیت سنگھ نے دو جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ بخار کے باعث اس میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ ان کی جگہ محمد سراج کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔