گیلپ سروے؛ 73 فیصد پاکستانی فوج کی غزہ میں تعیناتی کے حامی – World



Ads

گیلپ پاکستان نے ایک حالیہ سروے میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی عوام کی اکثریت بین الاقوامی امن فورس (آئی ایس ایف) میں پاکستان کے کردار کی حامی ہے جب کہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت پر غیر یقینی کی صورت حال ہے۔

گیلپ پاکستان کے تازہ سروے کے مطابق پاکستانی عوام میں غزہ کے لیے گہری ہمدردی پائی جاتی ہے اور اکثریت پاکستان کے کردار، حتیٰ کہ فوجی شمولیت کی بھی حمایت کرتی ہے، بشرطیکہ یہ اقدام فلسطینی قیادت کی درخواست، مسلم ممالک کے مشترکہ فریم ورک اور اقوام متحدہ کی منظوری کے تحت ہو۔

سروے کے مطابق غزہ میں پاکستانی فوج بھیجنے کی تجویز کو واضح اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔

نتائج کے مطابق 73 فیصد شرکاء نے مسلم ممالک پر مشتمل بین الاقوامی امن فورس کے تحت پاکستانی فوجی دستوں کو غزہ بھیجنے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ صرف 6 فیصد شرکاء نے فوجی دستے غزہ بھیجنے کی مخالفت کی جبکہ 16 فیصد افراد نے اس حوالے سے واضح رائے کا اظہار نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق سروے کے دوران 64 فیصد شرکاء نے فوج کی تعیناتی کے لیے مسلم ممالک کے مشترکہ اتحاد کو لازمی قرار دیا۔ 60 فیصد نے فلسطینی قیادت کی باضابطہ درخواست کو ضروری سمجھا جبکہ 57 فیصد نے اقوامِ متحدہ کی منظوری کو اہم شرط قرار دیا۔

اس کے برعکس شرکاء نے امریکا یا چین جیسی بڑی عالمی طاقتوں کی منظوری کو نسبتاً کم اہمیت دی یا اسے زیادہ ضروری نہیں سمجھا گیا۔

سروے کے مطابق پاکستانی عوام میں غزہ اور فلسطین سے متعلق عوامی آگاہی کی شرح خاصی بلند ہے۔

54 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی صورتحال پر ہونے والی پیش رفت پر باقاعدگی سے نظر رکھتے ہیں، جو غزہ کے معاملے کی عوامی سطح پر اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

تاہم غزہ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت پر شرکاء غیر یقینی کا شکار نظر آئے۔

34 فیصد شرکاء نے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا، 23 فیصد ناخوش دکھائی دیے جبکہ 39 فیصد افراد نے کہا کہ وہ اس معاملے پر کوئی واضح رائے نہیں رکھتے ہیں۔

گیلپ پاکستان کے مطابق یہ سروے 15 جنوری سے 3 فروری کے درمیان کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 16 سو افراد سے کمپیوٹر اسسٹڈ ٹیلی فون انٹرویوز پر رائے لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سروے کا مارجن آف ایرَر (ممکنہ فرق) 95 فیصد اعتماد کے ساتھ 2 سے 3 فیصد بتایا گیا ہے۔

یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو 19 فروری کو امریکا میں ہونے والے بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دعوت موصول ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کے تحت بین الاقوامی امن فوج (آئی ایس ایف) اور بورڈ آف پیس کی تجویز دی تھی، جو ان کے 20 نکاتی منصوبے کا حصہ ہے۔

اس منصوبے کے تحت جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں غزہ میں سیکیورٹی اور استحکام یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی فوج تعینات کی جائے گی۔

گیلپ پاکستان کے مطابق مجموعی طور پر نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستانی عوام غزہ کے ساتھ بھرپور ہمدردی رکھتے ہیں اور پاکستان کے فعال کردار کے حامی ہیں، تاہم وہ چاہتے ہیں کہ کوئی بھی فوجی یا سفارتی اقدام واضح، جائز، کثیرالملکی اور مسلم و اقوام متحدہ کے اداروں سے ہم آہنگ ہو۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بورڈ آف پیس سے متعلق غیر یقینی صورتحال اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ عوام کو اس معاملے میں پاکستان کے کردار اور مقاصد پر مزید واضح معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *