سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 26 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 286 ائی بی اوز اپریشن کیے، لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میاںوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، چکوال، راجن پور، نارووال، پاک پتن، سرگودھا میں کارروائیاں کی گئیں۔
لاہور سے القاعدہ کا ایک اور سرگودھا سے فتنہ الخوارج کے 4 خطرناک دہشت گرد پکڑے گئے جن کا تعلق علاقہ غیر سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ای ائی ڈی بم 3 ، ڈیٹونیٹر 19، حفاظتی فیوز وائر 34 فٹ، پمفلٹ، نقدی، پرائمہ کارڈ برآمد کیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل، شیراز، نعمت اللہ، اسامہ، غلام یاسین، یاسر، عمران وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کے دوران538 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں سے بڑے سانحات کو ٹال دیا گیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی، سی ٹی ڈی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔