ٹی 20 ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا: پاکستان کا بھارت کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ – Sports



Ads

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سری لنکا کے شہر کولمبو کے آر پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، جہاں گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔

میگا ایونٹ کے بڑے میچ میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی ، ٹاس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ایک بار پھر ہاتھ نہیں ملایا۔

میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے ابھیشک شرما اور کلدیپ یادیو کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان علی آغا نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ان پچز پر کھیلنے پر ہمارا تجربہ ہے، ہمارا پورا فوکس میچ پر ہوگا، میچ کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم میں کپتان سوریا کمار یادیو، ابھیشیک شرما، تلک ورما، شیوم دوبے، ایشان کِشن، ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، ورون چکرا ورتھی، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک اپنے دو، دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں ہی فتحیاب ٹھہریں تاہم آج کے میچ کی فاتح ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالے گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑے مقابلے کے بارش سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہونے لگے ہیں جب کہ آج کولمبو میں مختلف اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم ریکارڈ کے اعتبار سے پاکستان پر حاوی ہے، دونوں ٹیمیوں کے درمیان اس فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں 8 مقابلے ہوئے ہیں، جس میں سے 7 بھارت نے جیتے ہیں جب کہ صرف ایک میں پاکستان کو فتح ملی ہے۔



Source link

Post Comment