اختیار ہوتا تو شاہین، بابر اور شاداب کو ٹیم سے باہر کر دیتا: شاہد آفریدی کارکردگی پر برہم – Sports



Ads

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر اختیار اُن کے ہاتھ میں ہوتا تو وہ شاہین آفریدی، بابر اعظم اور شاداب خان کو ٹیم سے باہر کردیتے۔

سابق آل راؤنڈر اور کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کی بدترین کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے بھی کہا کہ ایسے سینئر کھلاڑی ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ شاہین، بابر اور شاداب کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ٹیم میں نئے چہروں کو موقع دینا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف کمزور ٹیموں کے خلاف کامیابیاں کافی نہیں، بھارتی ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی لازمی ہے۔

سابق چیف سلیکٹر رمیز راجا نے بھی بیٹرز کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اور بھارت کے خلاف پاکستان نے بے تکی کرکٹ کھیلی۔

دیگر سابق کھلاڑیوں نے بھی ٹیم میں فوری تبدیلیوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی ٹیم کو مضبوط اور مقابلے کے قابل بنایا جا سکے۔

یہ شکست تین سال میں بھارت کے خلاف مسلسل آٹھویں بار ہوئی ہے، جس نے قومی ٹیم کے بحران اور سینئر کھلاڑیوں کی ناکامی کو مزید واضح کر دیا ہے۔

بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ ٹیم میں بابر اور شاہین کی جگہ نہیں بنتی، چیئرمین پی سی بی ایکشن لیں۔ ساتھ ہی کپتان سلمان آغاز کو بھی ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میگا ایونٹ کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو نمیبیا کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ جیتنا لازمی ہوگا۔



Source link

Post Comment