ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ کی لائن اپ مکمل، ایک ٹیم کا انتظار – Sports
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں اب تک 7 ٹیموں نے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ ایک ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے چار گروپس میں سے ویسٹ انڈیز، بھارت، جنوبی افریقا، انگلینڈ، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور زمبابوے نے سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنالی ہے۔
گروپ اے میں شامل پاکستان اور امریکا کے درمیان سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے سخت مقابلہ ہے، پاکستان اپنا اگلا میچ بدھ کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا، جیت کی صورت میں گرین شرٹس براہ راست اگلے مرحلے میں جگہ بنالے گی اور ہار کی صورت میں امریکا اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرجائے گا۔
سپر 8 مرحلے میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ ون میں بھارت، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے جب کہ گروپ ٹو میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور پاکستان یا امریکا شامل ہوسکتے ہیں۔
ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تین ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی، جس کے بعد دونوں گروپس سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
سپر 8 مرحلے کے میچز 21 فروری سے یکم مارچ تک کھیلے جائیں گے، جن میں کولمبو، کینڈی، احمد آباد، ممبئی، چنئی، دہلی اور کولکتہ میں مقابلے شیڈول ہیں۔
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے اب تک 12 ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔ نیپال ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم تھی جس نے اپنے ابتدائی تینوں میچز میں کامیابی حاصل نہیں کی جب کہ عمان دوسری ٹیم بنی جو ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔
آسٹریلیا بھی گروپ مرحلے میں صرف ایک کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے، اس کے علاوہ نمیبیا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، اٹلی، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی جب کہ گروپ بی سے سری لنکا نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کا ٹکٹ حاصل کیا۔
زمبابوے نے آئرلینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی، اس نتیجے کے باعث آسٹریلیا میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
دو بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے نیپال کے خلاف 9 وکٹوں سے واضح کامیابی کے بعد گروپ سی میں ٹاپ ٹو پوزیشن یقینی بناتے ہوئے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا جب کہ گروپ سی سے ہی انگلینڈ نے اٹلی کو 24 رنز سے شکست دے کر سپر 8 میں جگہ بنائی۔
اسی طرح گروپ ڈی سے گزشتہ ایڈیشن کی رنر اپ جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
Post Comment