امریکا میں کمرشل ڈرائیور لائسنس کے ٹیسٹ کے لیے بڑی شرط عائد – World
امریکا میں ٹرک اور بس ڈرائیورز کے لیے کمرشل ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ انگریزی زبان میں لیے جائیں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹیشن انڈسٹری میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے اور نااہل ڈرائیورز کو سڑکوں سے ہٹانے کی مہم کو مزید وسعت دے دی ہے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے جمعہ کو اس نئے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز کے لیے وفاقی تقاضوں کے مطابق انگریزی زبان سمجھنا لازمی ہوگا تاکہ وہ سڑکوں پر لگے اشارے پڑھ سکیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مؤثر انداز میں رابطہ کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلوریڈا میں پہلے ہی ڈرائیونگ لائسنس کے ٹیسٹ انگریزی میں لینا شروع کیے جا چکے ہیں۔
اس وقت کئی ریاستیں ڈرائیورز کو دیگر زبانوں میں بھی امتحان دینے کی اجازت دیتی ہیں، حالانکہ ان کے لیے انگریزی مہارت کا مظاہرہ کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا 20 مختلف زبانوں میں ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرتی رہی ہے۔ ڈفی کے مطابق بعض ریاستوں نے کمرشل لائسنس کے امتحانات لینے کے لیے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں، لیکن یہ کمپنیاں ڈرائیورز کی ڈرائیونگ اور انگریزی مہارت کے معیار کو مؤثر طریقے سے نافذ نہیں کر رہیں۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کا مزید کہنا تھا کہ ہر امریکی شہری یہ توقع رکھتا ہے کہ 80 ہزار پاؤنڈ وزنی ٹرک چلانے والے ڈرائیور مکمل تربیت یافتہ اور اہل ہوں۔ ان کے بقول طویل عرصے تک ٹرکنگ انڈسٹری کے مسائل کو نظرانداز کیا گیا جس کے نتیجے میں شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوئے۔
یہ تازہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ٹرانسپورٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے چند روز قبل حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث 557 ڈرائیونگ اسکولز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ گزشتہ برس اگست میں پیش آنے والے ایک مہلک حادثے کے بعد سے ان ریاستوں کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہا ہے جنہوں نے ایسے تارکینِ وطن کو کمرشل لائسنس جاری کیے جو اس کے اہل نہیں تھے۔
ڈفی کے مطابق ایک ٹرک ڈرائیور جو امریکا میں قیام کا مجاز نہیں تھا، اس نے غیر قانونی یو ٹرن لیا اور ایک حادثے کا سبب بنا جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے بعد بھی مزید حادثات رونما ہوئے تھے جس میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی ریاستوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کمرشل لائسنس جاری کرنے سے قبل ڈرائیورز کی انگریزی بولنے اور سمجھنے کی صلاحیت یقینی بنائیں، جبکہ ٹریفک چیکنگ یا معائنے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی ڈرائیورز کی لسانی مہارت کی جانچ کریں گے۔ جو ڈرائیور مؤثر انداز میں بات چیت نہ کر سکیں، انہیں روک لیا جائے۔
حالیہ وفاقی مہم کے دوران 8 ہزار 215 انسپیکشنز کی گئیں جن کے نتیجے میں تقریباً 500 ڈرائیورز کو انگریزی مہارت کی کمی پر نااہل قرار دیا گیا۔ کیلیفورنیا نے ابتدا میں انگریزی قوانین پر عملدرآمد میں مزاحمت کی، تاہم حال ہی میں 600 سے زائد ڈرائیورز کو شاہراہوں سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مہم کے اگلے مرحلے میں فراڈ ٹرکنگ کمپنیوں کو کاروبار میں داخل ہونے سے روکنے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ مشکوک ڈرائیونگ اسکولز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور ریاستوں کی جانب سے کمرشل لائسنس جاری کرنے کے تمام ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے گی۔
Post Comment