ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث امریکا نے یورپی اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ ہتھیاروں کی ترسیل میں نمایاں تاخیر ہو سکتی ہے، کیونکہ امریکی اسلحہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا نے اپنے یورپی اتحادی ممالک کو مطلع کیا ہے کہ اسلحے کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے اور ترسیل میں طویل تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے برطانیہ، پولینڈ، لیتھوانیا اور ایسٹونیا سمیت دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے باعث امریکی ہتھیاروں کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔
حکام کے مطابق امریکا اس وقت اپنی فوجی ضروریات کو ترجیح دے رہا ہے جس کے باعث اتحادی ممالک کو اسلحے کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال نے یورپی ممالک میں تشویش پیدا کر دی ہے، جو سکیورٹی کے حوالے سے امریکا پر انحصار کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تاخیر طویل ہوئی تو یورپ کو اپنی دفاعی حکمت عملی پر نظرثانی کرنا پڑ سکتی ہے اور مقامی سطح پر اسلحہ سازی کے عمل کو تیز کرنا ہوگا۔