امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق ایک اچھی خبر ہے اور تہران سے مذاکرات کا دوسرا دور جمعے کو ہوسکتا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے مذاکرات میں بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ امن مذاکرات کا دوسرا دور ممکنہ طور پر جمعہ تک شروع ہو سکتا ہے۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں موجود پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں میں پیش رفت ہو رہی ہے اور آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں میں مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق اسلام آباد ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
جس کی ایک مثال امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی کی مدت ختم ہونے پر اس میں توسیع کا اعلان ہے۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے مطالبے پر ایران کی جانب سے متفقہ تجویز آنے تک جنگ بندی میں توسیع اور ساتھ ہی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسی ہفتے اسلام آباد میں متوقع تھا تاہم ایران نے شرط عائد کی کہ امریکا کی جانب سے بحری ناکہ بندی کے ہوتے مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔
پاکستان کے ثالثوں نے منگل کو ایک طرف ایران کو مذاکرات میں شامل کرنے کے لیے دوڑ دھوپ کی اور دوسری طرف ٹرمپ کو جنگ بندی میں توسیع پر بھی قائل کیا۔