وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 67 روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی گئی ہے، پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پر آجائے گی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آجائے گی۔ پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا جب کہ وزارت خزانہ جلد نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ثالثی کی بدولت خطے و عالمی امن کے قیام کے بعد تیل کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا اور کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورت حال میں بہتری آنے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کی جانب منتقل کررہے ہیں، جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور آپ نے مشکل صورت حال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا، ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بحران کے آغاز سے ہی ہم نے اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی، وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کرکے، ملک بھر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے کی معاشی صورت حال کے دوران جب کچھ ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات لیے جا رہے تھے، حکومت پاکستان کی بہتر منصوبہ بندی کی بدولت توانائی کا بحران نہیں آیا، مؤثر اقدامات کی بدولت نہ کوئی لائن لگی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا جس کے لیے میں صوبائی وزرائے اعلی کا شکر گزار ہوں، جس قدر ممکن ہوا عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیےاور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو کمی آئے گی وہ من و عن عوام کو منتقل کررہے ہیں۔
حکومتی اقدامات کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے، بحران کے پورے عرصے میں نہ صرف حکومتی سطح پر کفایت شعاری کو اپنایا گیا بلکہ ریلیف کی مد میں محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال میں پاکستان کی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو ایک تاریخی دستاویز ہے، اللہ تعالیٰ نے یہ عزت و اکرام اپنی کمال مہربانی سے تمام پاکستانیوں کو عطا فرمائی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں تقریرکے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل 16 جون کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کے باعث پاکستان میں بھی عوام کو بڑے ریلیف کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے تک فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آئے جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار نمایاں اضافہ اور کمی ریکارڈ کی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا بڑا اضافہ 6 مارچ 2026 کو کیا گیا، جب حکومت نے عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریباً 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، جو حالیہ برسوں کی بلند ترین سطح تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 55 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے ہوگئی تھی۔
اس کے بعد دوسری بار 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 184 روپے بڑھا کر 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں عوامی ردعمل اور عالمی قیمتوں میں جزوی کمی کے تناظر میں حکومت نے ایک بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد قیمت کم ہو کر تقریباً 378 روپے فی لیٹر پر آ گئی تھی۔
10 اپریل کو وزیراعظم نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں صرف 10 اور جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 366 روپے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 385 روپے ہوگئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 17 اپریل کو ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے ہو گئی تھی جب کہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
18 اپریل کو لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے 04 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 369 روپے 72 پیسے سے کم ہو کر 299 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح جیٹ فیول کی قیمت بھی 23 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 494 روپے 71 پیسے سے کم ہو کر 471 روپے 01 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی۔
24 اپریل کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک بڑھادی تھی۔
اس کے بعد 30 اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
9 مئی کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھادی تھیں، ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
16 مئی کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 5 روپے کمی کے بعد 409 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 5 روپے کمی 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔
حکومت نے 22 مئی کو بھی پیٹرول فی لیٹر کی قیمت میں 6 روپے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 6 روپے 80 پیسے کمی کے بعد 402 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی تھی۔
حکومت نے 29 مئی کو عید الاضحیٰ کے تیسرے دن بھی عوام کو تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی تھی۔
اسی طرح 5 جون کو بھی حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا تھا، اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔
اس کے بعد 12 جون کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی تھی، حکومت نے آئندہ ہفتے کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ڈیزل بھی 2 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔