مشہور ریئلٹی شو ’اسپلیٹس ولا‘ سیزن 16 کی سابق امیدوار پریت سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ممبئی کے ایک نائٹ کلب میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان کا دانت ٹوٹ گیا اور آنکھیں سوج گئیں۔
پریت سنگھ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں جن میں ان کے چہرے پر چوٹوں کے واضح نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔ ۔
پریت سنگھ کے مطابق، وہ اپنے دوست کے ساتھ کلب میں موجود تھیں کہ اچانک ایک لڑکی (جو مبینہ طور پر ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر ہے) نے ان پر چیخنا شروع کر دیا اور ان کی موجودگی پر سوال اٹھائے۔
پریت کا کہنا ہے کہ یہ زبانی تکرار اس وقت ہولناک صورتحال اختیار کر گئی جب اس لڑکی کے ایک دوست نے مداخلت کی اور پریت پر حملہ کر دیا۔
پریت کے مطابق اس شخص نے انہیں اتنی زور سے مارا کہ ان کا ایک دانت ٹوٹ گیا۔ ان کا پورا چہرہ سوج گیا اور جسم پر چوٹوں کے نشانات آئے۔
پریت نے بتایا کہ وہ اس واقعے کے بعد سے بری طرح کانپ رہی ہیں اور شدید صدمے میں ہیں۔
پریت نے ممبئی کی ساکھ پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ہمیشہ سنا تھا کہ ممبئی لڑکیوں کے لیے محفوظ ترین شہر ہے، لیکن ان کے ساتھ جو ہوا اس نے انہیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں واقعے پر حیرت اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی اس صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ کسی عوامی جگہ پر اس طرح کھلے عام تشدد کیسے ہو سکتا ہے؟
اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد اور ریئلٹی شو کے شرکاء نے بھی ان کے ساتھ ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
معروف اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے پریت کو مشورہ دیا کہ وہ فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کروائیں۔
سوشل میڈیا صارفین پریت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس انفلوئنسر اور حملہ آور کا نام ظاہر کریں تاکہ قانون حرکت میں آ سکے اور انہیں قرار واقعی سزا مل سکے۔