سی سی ڈی فائرنگ کیس: آسٹریلوی نژاد بچی کی ہلاکت پر پولیس سے جواب طلب – Pakistan



181850019e436b4 سی سی ڈی فائرنگ کیس: آسٹریلوی نژاد بچی کی ہلاکت پر پولیس سے جواب طلب - Pakistan

لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں چکوال میں سی سی ڈی کی فائرنگ سے 9 سالہ ہانیہ کے جاں بحق ہونے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر ابتدائی سماعت ہوئی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں چکوال میں سی سی ڈی کی فائرنگ سے 9 سالہ ہانیہ کے قتل کے خلاف رٹ پٹیشن پر سماعت ہوئی۔ رٹ پٹیشن ایڈووکیٹ میاں آصف محمود نے عوامی مفاد میں دائر کی تھی۔

ابتدائی سماعت کے دوران عدالت نے پٹیشن پر عائد تمام اعتراضات ختم کرتے ہوئے اسے باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب، آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او چکوال کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔

پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چکوال کا واقعہ ریاستی اداروں کے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق سی سی ڈی اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 9 سالہ ہانیہ جاں بحق ہوئی۔

پٹیشن میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاندان کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا اور یہ واقعہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے، واقعے کی عدالتی انکوائری کرائی جائے اور انصاف کی فراہمی کے لیے ایک آزاد عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔

رٹ پٹیشن پر سماعت جسٹس صداقت علی خان نے کی، جب کہ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی شہریت رکھنے والی چار افراد پر مشتمل یہ فیملی اپنے رشتہ داروں سے ملنے چکوال آئی تھی۔ خاندان میں 39 سالہ عدیل احمد، ان کی بیوی ڈاکٹر سدرہ خان، 10 سالہ بیٹا عفان احمد اور نو سال کی بیٹی ہانیہ احمد شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق 10 جون کو جب فیملی ایک رشتہ دار کے گھر کے باہر گاڑی میں موجود تھی، اچانک موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے ان سے نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔ اسی دوران پولیس موقع پر پہنچی تو پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکو فرار ہوگئے۔

اسی دوران بچی کے والد عدیل احمد نے اپنی فیملی کو بچانے کے لیے گاڑی دور لے جانے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں نے غلط فہمی کی بنیاد پر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں 9 سالہ ہانیہ احمد گولی لگنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ عدیل احمد اور ان کا بیٹا عفان شدید زخمی ہو گئے۔

دو روز قبل جاری ہونے والی ہانیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ بچی کے جسم پر گولیوں اور زخموں کے 11 نشانات پائے گئے، جب کہ متعدد گولیاں لگنے اور زیادہ خون بہنے کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

اس واقعے پر آسٹریلوی حکام نے بھی نوٹس لیا تھا جب کہ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث اہلکار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *