لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دن بھر شدید گرمی کے بعد تیز ہواؤں کے جھکڑ اور بارش شروع ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
لاہور، پتوکی اور نارووال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جمعرات کی شام آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ تیز بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کی صورت حال تھی اور سورج شعلے برسا رہا تھا۔ اب بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
لاہور اور گرد و نواح میں بارش سے قبل تیز ہواؤں کے جھکڑ چلے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں درخت اور کھمبے گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دن بھر کی شدید گرمی کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب کرک شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
اُدھر خیبرپختونخوا میں آج سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد میں بھی شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔