لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 72 ہو گئی ہے جبکہ کم از کم 437 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحد پار جھڑپیں اُس وقت دوبارہ شروع ہوئیں جب ایران کی حمایت یافتہ مسلح گروہ حزب اللہ نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تہران پر حملے کے بعد شمالی اسرائیل کی طرف راکٹ داغے۔
اس کے بعد اسرائیلی دفاعی افواج نے لبنان کے جنوبی علاقوں اور بیروت کے جنوبی مضافات میں دوبارہ فضائی حملے شروع کر دیے۔
اسرائیلی فوج نے بعض علاقوں میں لازمی انخلا کے احکامات بھی جاری کیے اور لبنانی حدود میں نئی پوزیشنیں سنبھالنے کی کارروائیاں کیں۔
اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ لبنان کے مشرقی شہر بعلبک میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملے میں چار منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال کشیدہ ہے اور سرحدی علاقوں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔