معاہدہ پسند نہ آیا تو ایران پر دوبارہ بمباری کریں گے: ٹرمپ کی دھمکی – World



17162921ec1c337 معاہدہ پسند نہ آیا تو ایران پر دوبارہ بمباری کریں گے: ٹرمپ کی دھمکی - World

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ڈیل طے پانے کے باوجود سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے ان کی توقعات کے مطابق رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی اور بمباری کرسکتا ہے۔

فرانس میں جاری ’جی سیون‘ اجلاس کے موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدے کو مضبوط قرار دیا ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ یہ معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا معاہدہ حتمی ہے تو انہوں نے جواب دیا ’نہیں، یہ حتمی نہیں ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ’مفاہمتی یادداشت‘ یعنی ایک ابتدائی مفاہمتی فریم ورک ہے۔

اس موقع پر امریکی صدر نے پھر سے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں معاہدے کی شرائط پسند نہ آئیں یا پھر ایران نے مناسب طرزِ عمل اختیار نہ کیا تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کر سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ آج ہی نیوز کانفرنس میں ایران کے ساتھ طے پانے والے فریم ورک کی تفصیلات عوام کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بعد عالمی منڈیوں میں مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز آئندہ ایک یا دو دن میں مکمل طور پر کھل جائے گی۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان کے خیال میں اب ’99.99 فیصد‘ امکان ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں بہتری اور تیل کی قیمتوں میں کمی اس پیش رفت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

دوسری جانب مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصر حتمی معاہدے کے اعلان کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدہ 19 جون کو سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت اور پہاڑی علاقے برجن اسٹاک ریزورٹ میں منعقد کی جائے گی۔ اس سے قبل یہ تقریب جنیوا میں شیڈول تھی تاہم برجن اسٹاک ریزورٹ کو سیکیورٹی کے لحاظ سے زیادہ محفوظ اور مناسب سمجھتے ہوئے تقریب کو یہاں منتقل کیا گیا ہے۔

اس تاریخی تقریب کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کے دن جنیوا کے لیے روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اہم وفاقی وزرا بھی جنیوا جائیں گے۔

ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکر اور سینئر مذاکرات کار باقر قالیباف سوئٹزرلینڈ پہنچیں گے جب کہ خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس تقریب کا حصہ بننے کا اشارہ دے دیا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *