اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے انٹرنیٹ پر گردش کرتی اپنی موت کی افواہوں کو ختم کرنے کے لیے مسلسل تیسری ویڈیو جاری کردی ہے۔ اس سے قبل بھی ان کی دو ویڈیوز جاری کی گئی تھیں جس پر انٹرنیٹ صارفین نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور انہیں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز قرار دیا جارہا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے پیر کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس کے ساتھ لکھا عبرانی زبان میں درج ہے کہ ’ہم اصولوں پر قائم رہتے ہوئے فتح حاصل کرتے ہیں‘۔
یہ ویڈیو ان افواہوں کے بعد جاری کی گئی ہے جس میں ان کی ہلاکت کے دعوے کیے جارہے تھے۔
حالیہ ویڈیو میں نیتن یاہو کو عوامی مقامات پر چلتے پھرتے دکھایا گیا ہے اور یہ تاثر دیا گیا ہے کہ وہ اس جنگی صورت حال میں بھی عوام کے درمیان موجود ہیں۔
اس ویڈیو پر کچھ صارفین یہ سوال کرتے نظر آرہے ہیں کہ اس میں انگلیوں پر غور کرنا ہے یا ’کافی کے کپ پر؟
اس سے قبل بھی ان افواہوں کے خاتمے کے لیے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پہلی ویڈیو شیئر کی گئی تو صارفین نے ان کی انگلیوں کی ساخت اور ہاتھوں کی حرکات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اسے اے آئی جنریٹڈ قرار دیا۔
جس کے بعد ان کے آفس کی جانب سے ایک اور ویڈیو ریلیز کی گئی جس میں وہ کافی کا کپ ہاتھ میں لیے نظر آئے تاہم اس ویڈیو پر بھی صارفین شکوک کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔
انٹرنیٹ صارفین نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں کافی کا گھونٹ لینے کے باوجود کپ میں جھاگ اور کافی کم نہ ہونا، یہ سب کچھ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ویڈیو بھی اے آئی سے تیار کردہ ہے۔