وزیراعظم کے سروسز چیفس اور سیاسی قائدین سے ٹیلی فونک رابطے، عید کی مبارک باد – Pakistan



2120074974fdbba وزیراعظم کے سروسز چیفس اور سیاسی قائدین سے ٹیلی فونک رابطے، عید کی مبارک باد - Pakistan

وزیراعظم شہباز شریف نے سروسز چیفس، اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے۔

پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور  بحری افواج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سروسز چیفس کو عید الفطر کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم نے سروسز چیفس سے گفتگو میں ان سیکیورٹی فورسز کے سپاہیوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا جو عید کے دن بھی اپنے اہل وعیال سے دور سرحدوں پر پاکستان کی حفاظت کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

دوسری طرف وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور سیاسی قائدین سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عید الفطر کی مبارکباد دی۔

وزیرِاعظم نے اسپیکر سردار ایاز صادق، گورنر پنجاب سلیم حیدر، گورنر سندھ نہال ہاشمی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل کو ٹیلی فون کرکےعید کی مبارکباد پیش کی جب کہ انہوں نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں بھی عید الفطر کی مبارکباد دی۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔ انہوں نے سربراہ جمیعت علما اسلام مولانا فضل الرحمان، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان، صدر بلوچستان عوامی پارٹی سردار خالد حسین مگسی، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان اور سینئیر رہنما پاکستان مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین سے بھی ٹیلی فونک گفتگو اور عید کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اوربحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ترکمان صدر، ترکمان قیادت اورعوام کوعیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔

ترکمان صدر نے بھی نہایت گرمجوشی سے ان جذبات کا جواب دیا اورعوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے پاک ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پراطمینان کا اظہارکیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، توانائی، روابط اورعلاقائی ترقی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کا جاری علاقائی اقدامات میں تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت پربھی زوردیا جب کہ گفتگو نہایت خوشگوارماحول میں ہوئی، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد دی۔ گرمجوشی اور دوستانہ گفتگو میں شہباز شریف نے بحرینی عوام کوعید کی مبارکباد دی

شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ نے بھی وزیراعظم کوعید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے امت کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *