پاکستان دیرینہ تنازعات کے پُرامن حل کا حامی ہے: وزیر خارجہ اسحاق ڈار – Pakistan



26205553d1584d9 پاکستان دیرینہ تنازعات کے پُرامن حل کا حامی ہے: وزیر خارجہ اسحاق ڈار - Pakistan

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان دیرینہ تنازعات کے پُرامن حل کا حامی ہے، سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی تسلیم نہیں کرتے۔ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

منگل کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بین الاقوامی اور سلامتی کی بحالی سے متعلق بحث سے خطاب میں کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس سیشن پر چین کے وزیرخارجہ وانگ شی کا مشکور ہوں، موجودہ عالمی حالات میں اس سیشن کا انعقاد وقت کی ضرورت تھی، اقوام متحدہ کے چارٹر میں ریاستوں کے درمیان تعلقات کے اصول وضح کیے گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ نے شہریوں کو مساوات اور حق خودارادیت کے حقوق دیے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ چارٹر اور اصولوں پر کار بند ہے، پاکستان دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق امن کا فروغ اور تنازعات کا حل ریاستوں کی ذمہ داری ہے، مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا، کشیدہ صورت حال نے عالمی سطح پر معاشی چیلنجز بھی پیدا کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی کے لیے مخلصانہ کاوشیں کی، پاکستان کی امن مذاکرات کی کوششوں کی حمایت پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 دہائیوں سے مسئلہ کشمیر حل طلب ہے، پاکستان نہتے فلسطینیوں کے حقوق کا بھی حامی ہے، عالمی سطح پر قوانین کا یکساں اطلاق ضروری ہے، عالمی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری یقینی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی تسلیم نہیں کرتے، بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

یاد رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں چین کی صدارت میں منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے کھلے مباحثے میں شریک ہوئے۔

مباحثے کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ اور اقوامِ متحدہ کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور کثیرالجہتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ملاقاتوں میں آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بایراموف، کوسٹا ریکا کے وزیرِ خارجہ مینوئل تووار اور ریبیکا گرینسپان، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، بحرین کے وزیرِ خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی، کیوبا کے وزیرِ خارجہ برونو روڈریگیز پریلا، جمہوریہ چیک کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ پیٹر ماچنکا اور کولمبیا کی وزیرِ خارجہ روزا یولانڈا ویلاویسینسیو شامل ہیں۔

شام کے وقت سینیٹر ڈار اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی جانب سے عرب، اسلامی اور یورپی ممالک کے سفرا و مستقل مندوبین کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار گزشتہ شب 26 تا 28 مئی 2026 کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچے تھے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *