پاکستان کو سستا تیل بیچنے کے لیے تیار ہیں: روسی سفیر – World



172032259f174e0 پاکستان کو سستا تیل بیچنے کے لیے تیار ہیں: روسی سفیر - World

اسلام آباد میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان باضابطہ طور پر رابطہ کرے تو روس سستا تیل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جس سے پاکستان موجودہ عالمی صورتحال میں فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

روسی سفیر نے منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق پاکستان نے ابھی تک تیل کی خریداری کے لیے روس سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا ہے، تاہم اگر ایسا کیا جاتا ہے تو روس رعایتی قیمت پر تیل فراہم کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کا ایک اہم ستون ہے اور دونوں ممالک اس میں مزید بہتری لا سکتے ہیں۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خوریف نے کہا کہ روس کے ایران کے ساتھ طویل عرصے سے فوجی اور تکنیکی تعلقات موجود ہیں۔

انہوں نے موجودہ کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائیاں خلیجی خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے تک محدود رہی ہیں، تاہم مجموعی صورتحال اب بھی غیر یقینی اور پیچیدہ ہے۔

روسی سفیر نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ فوجی اقدامات پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ دنیا ان اقدامات پر حیران ہے اور یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ موجودہ تنازع کب اور کیسے ختم ہوگا۔

انہوں نے ایران میں ایک گرلز اسکول پر حملے کی شدید مذمت بھی کی، جس میں مبینہ طور پر 170 لڑکیاں ماری گئیں۔

خوریف نے اس واقعے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور مسائل کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔

روسی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف طاقت کے استعمال نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے اقدامات ایران کی قیادت کو کمزور کرنے اور مسلم دنیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہو سکتے ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *