پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان ہے، جس کے تحت پٹرول 55 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 75 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اپنی ورکنگ دو روز بعد پٹرولیم ڈویژن پاکستان کو ارسال کرنی ہے، جس کے بعد نئی قیمتوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں میں یہ اضافہ مرحلہ وار دو ہفتوں میں بھی کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے، جب کہ حکومت کے پاس یہ آپشن بھی موجود ہے کہ سبسڈی دے کر موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق سمری ارسال کی گئی تھی، جس میں مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا، تاہم پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں۔