پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز نے باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے جب کہ فائنل میں رسائی کے لیے حیدر آباد کنگزمین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹمیں ایلیمنیٹر 2 میں جمعے کو مدمقابل ہوں گی۔
بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے پہلے ناک آؤٹ مقابلے میں ملتان سلطانز نے شان مسعود کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے تاہم حیدرآباد کنگز مین نے 160 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے جب کہ شان مسعود کے علاوہ کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔
شان مسعود نے 46 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان 15، اسٹیو اسمتھ 13 اور محمد نواز 18 رنز بنا سکے۔
اس کے علاوہ کپتان ایشٹن ٹرنر اور پیٹر سڈل 9،9 ، جوش فلپ 6، فیصل اکرم 4، محمد عمران 2 اور عرفات منہاس ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور حیدر آباد کنگز مین کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا۔
حیدر آباد کنگز مین کی جانب سے عاکف جاوید، حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ صائم ایوب اور گلین میکسویل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدر آباد کنگز مین کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا، معاذ صداقت نے 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جب کہ عثمان خان نے بھی 64 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دونوں کے درمیان اہم شراکت نے میچ کا رخ یکطرفہ کر دیا، کپتان مارنس لبوشین 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ صائم ایوب نے آخر میں 15 رنز بنا کر ٹیم کو بآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور اسٹیون اسمتھ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ اس طرح حیدر آباد کنگزمین نے 160 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرتے ہوئے میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔
اس فتح کے ساتھ حیدر آباد کنگز مین پی ایس ایل 11 میں اپنی مہم جاری رکھنے میں کامیاب رہے اور شاندار پرفارمنس کے باعث اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ شکست کے بعد ملتان سلطانز کا پی ایس ایل 11 میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین جمعے کو ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ کرے گی اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میچ کا ٹاس حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کنگزمین کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ سلطانز نے محمد وسیم جونیئر کی جگہ محمد نواز کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔
ٹاس کے بعد حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ حریف کو کم اسکور پر آؤٹ کریں۔ ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی لگ رہی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ 200 سے زائد اسکور کریں۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز لیگ مرحلے میں مسلسل دوسرے نمبر پر رہی تاہم آخری دو میچز میں شکست کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئی۔ لاہور میں اس کا ریکارڈ متاثر کن ہے اور ٹیم نے پانچ میں سے چار میچ جیتے ہیں۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین نے شاندار کم بیک کیا۔ ابتدائی چار میچز ہارنے کے بعد مسلسل فتوحات نے اسے پلے آف تک پہنچایا اور آخری لیگ میچ میں ڈرامائی کامیابی کے ذریعے ٹیم نے بہتر نیٹ رن ریٹ پر کوالیفائی کیا۔