پی ایس ایل کے تینوں پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت – Sports



27183246c1d5243 پی ایس ایل کے تینوں پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت - Sports

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے تینوں پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔

پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر مداحوں کو خوشخبری سنائی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ابھی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے پی ایس ایل کے تینوں پلے آف میچز میں بھی عوام کی شرکت کے لیے ان کی منظوری حاصل کر لی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تماشائیوں کے اسٹیڈیم آنے کے حوالے سے ایک شرط کفایت شعاری رکھی گئی ہے، تماشائیوں سے گزارش ہے وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں یا ایندھن کو کم سے کم استعمال کریں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے پی ایس ایل پلے آف میں حصہ لینے والی چاروں ٹیموں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ اب پلے آف کے مقابلے مزید دلچسپ ہوں گے۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے پلے آف میچز میں بھی تماشائیوں کو اجازت دینے کے معاملے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی وزیر اعظم ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی صورت حال کا جاٸزہ لیا گیا جب کہ ملاقات کے دوران پی ایس ایل فاٸنل کی سیکیورٹی پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ڈاٸیلاگ کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی وزیرداخلہ محسن نقوی کو سراہا۔

محسن نقوی نے وزیراعظم کو سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم نے تماشائیوں کے اسٹیڈیم سے متعلق فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں تماشائیوں کو اجازت دینے کا مسلسل مطالبہ کیا جارہا تھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *