چکوال: آسٹریلین لڑکی کے قتل میں گرفتار سی سی ڈی اہلکار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل – Pakistan



14222930aff7848 چکوال: آسٹریلین لڑکی کے قتل میں گرفتار سی سی ڈی اہلکار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل - Pakistan

صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں ایک مقامی عدالت نے فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی 9 سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلین لڑکی کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

چکوال میں پیش آئے اس واقعے میں بچی کے والد اور بھائی بھی سی سی ڈی اہلکار کی جانب سے کی گئی مبینہ فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تھے۔

چکوال پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سی سی ڈی کے ملزم کانسٹیبل نے 10 اور 11 جون کی درمیانی شب ایک مبینہ ڈکیتی کو ناکام بنانے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی تاہم ’شناخت کی غلطی‘ کے باعث پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاندان، جنہیں ڈاکو لوٹ رہے تھے، اس فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔

اتوار کے روز فائرنگ کرنے والے ملزم اہلکار کو چکوال کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم سے سرکاری گن برآمد کر لی گئی ہے جب کہ اس کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جس روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، اُس روز سی سی ڈی اہلکار کی تھانے میں حاضری کو بھی چیک کیا گیا ہے۔

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ وہ گاڑی جس پر سرکاری بندوق سے فائرنگ کی گئی اور جائے حادثہ سے ملنے والے گولیوں کے خول کو ٹیسٹ کے لیے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چونکہ ملزم کا بیان ہو چکا ہے اور اُن سے سرکاری گن بھی قبضے میں لے لی گئی ہے، اس لیے تفتیشی ٹیم کو ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، جس پر عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے۔

دوسری طرف چکوال پولیس کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاندان سے ڈکیتی میں ملوث دونوں ڈاکو ایک مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس واقعے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچی کے والد عدیل احمد کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیم اگلے دو روز میں اس واقعے سے متعلق حتمی رپورٹ سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چھٹہ کو پیش کرے گی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *