ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان – World



162044138f0360d ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان - World

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑی سفارتی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس جنگ بندی کا اطلاق امریکی وقت کے مطابق آج شام 5 بجے سے ہو گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی پلیٹ فارم ’سوشل ٹروتھ‘ پر تفصیلی بیان میں اعلان کیا ہے کہ انہوں نے لبنان کے صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی ہے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے قیام کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے باضابطہ طور پر 10 روزہ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ منگل کے روز واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کی موجودگی میں اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی۔ یہ 34 سالوں میں پہلا موقع ہے جب دونوں ممالک کے نمائندے کسی ایک میز پر بیٹھے ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق انہوں نے اس 10 روزہ جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی ٹیم کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ جس میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈین کین اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر حتمی امن معاہدے پر کام کریں گے۔

بیان کے آخر میں صدر ٹرمپ نے اپنے مخصوص انداز میں اپنی سفارتی کامیابیوں کا دوبارہ تذکرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’دنیا بھر میں 9 جنگیں ختم کروانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ میری دسویں کامیابی ہوگی۔‘

ایک اور بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو اور لبنان کے صدر جوزف عون کو وائٹ ہاؤس مدعو کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ 1983 کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان پہلی بامعنی بات چیت ہوگی، جو خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق امن چاہتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ پیش رفت جلد ممکن ہو سکتی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *