کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران اللہ ڈنو ولد غلام محمد اور فراز احمد عرف طوطو کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق کالعدم سندھودیش ریوولیوشنری آرمی سے ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، جبکہ ان کے خلاف ایکسپلوزو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فراز احمد عرف طوطو پہلے بھی مختلف مقدمات میں مطلوب تھا اور اس پر حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مختلف کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم صدر کراچی میں چائنیز ڈینٹل کلینک پر فائرنگ کے واقعے میں بھی ملوث ہے، جس میں ایک ڈاکٹر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے تھے۔