کراچی کے علاقے سولجر بازار گل رانا کالونی میں ایک رہائشی عمارت میں گیس سلنڈر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 14 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ عمارت کی چھت گر گئی اور ملبے تلے کئی افراد دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ عمارت تین منزلہ تھی اور ہر منزل پر ایک کمرہ قائم تھا۔ دھماکے کے بعد عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے بھاری مشینری کو موقع پر پہنچانے میں دشواری کا سامنا ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک ملبے سے 10افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں ایک خاتون اور ایک 10 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ بچی کی شناخت نازیہ کے نام سے ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ 14 سے زائد زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے ایک اور بچی کو زندہ نکالنے میں کامیابی حاصل کی جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر واجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجہ گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور اسی لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بریگیڈیئر واجد کے مطابق ریسکیو ٹیموں کی جانب سے خصوصی آلات کی مدد سے لوہے کے ڈھانچے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمارتوں میں کام کرنے کے لیے مخصوص اوزار استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ کسی ممکنہ زندہ فرد کو نقصان نہ پہنچے۔
مقامی افراد کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور دیگر ادارے بھی موقع پر موجود ہیں جبکہ متاثرہ عمارت کے ملبے کو مکمل طور پر ہٹانے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔