بھارت کے ’آپریشن سندور‘ کے جواب میں پاکستان کے بھرپور جواب ’معرکہ حق‘ کی تاریخی فتح کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔ اس عظیم فتح کی سالگرہ پر اتوار کے روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں پُروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ہوں گے۔
آپریشن ’معرکہ حق‘ کی سالگرہ کے موقع پر یہ تقریب اتوار کی صبح 8 بج کر 40 منٹ پر منعقد ہوگی۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں اس تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے جب کہ ان کے ہمراہ چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ظہیر بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوں گے۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان یادگارِ شہدا پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
اس موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کریں گے۔ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شرکاء سے خطاب بھی کریں گے، جس میں وہ معرکہ حق کی اہمیت اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالیں گے۔
’یومِ معرکہ حق‘ کا انعقاد اس قومی جذبے اور عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج وطنِ عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ دن اس بات کا پیغام ہے کہ پاکستان دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کا جواب انتہائی سخت اور منہ توڑ طریقے سے دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔