چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف آپریشن ’معرکۂ حق‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے نے عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کو ثابت کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت منگل کو 275 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی شدید مذمت اور کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم امور پر غور کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز کو ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے افواج کی آپریشنل تیاری کو ہر سطح پر برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی قوم تمام چیلنجز کے مقابلے میں ’بنیان مرصوص‘ کی طرح متحد کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ’معرکۂ حق‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل ”بنیانُٗ مرصوص“ کی مانند یکجا کھڑی ہیں۔
یہ مرحلہ قومی اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے اور عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کی علامت ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے میں کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور پاکستان کے خطے میں استحکام کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ میں استحکام کے فروغ اور صورتِ حال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
فورم نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن ’غضب لِلحق‘ کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف پیش رفت کا احاطہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مؤقف اختیار کیا کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جارہی ہیں جب کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک بھر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر ہونے والی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر بھی بریفنگ دی گئی، جس پر چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں شہداء کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد بنی رہیں گی۔