ایران سے مذاکرات کا اگلا دور بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ – World



14210359225c8a6 ایران سے مذاکرات کا اگلا دور بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ - World

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ دو دن کے اندر پاکستان میں دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو فون پر دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران سے بات چیت کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے اور مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات بھی پاکستان میں ہوسکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے بات چیت کے حوالے سے جلد پیش رفت متوقع ہے اور مذاکرات کے دوبارہ آغاز کا امکان موجود ہے۔

اس سے پہلے نیویارک پوسٹ کو ہی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ پسِ پردہ پیش رفت جاری ہیں، تاہم اس کی رفتار سست ہے۔

اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ہماری ملاقات وہاں (پاکستان) ہوگی۔ ہم شاید کسی اور مقام پر جائیں گے، ہمارے ذہن میں ایک اور جگہ ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ترکیہ کو زیرِ غور نہیں لا رہا بلکہ زیادہ کسی اور مقام پر غور کررہا ہے اور اس میں یورپ بھی شامل ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’ہم کسی ایسے ملک کیوں جائیں جس کا اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہ ہو؟‘۔

اس گفتگو کے بعد صدر ٹرمپ نے صحافی سے دوبارہ رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے بات چیت آئندہ دو دن میں پاکستان میں بھی ہوسکتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صحافی کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو وہیں رہنا چاہیے کیوں کہ اگلے دو دن میں کچھ ہوسکتا ہے اور ہم اُس (پاکستان) طرف زیادہ مائل ہیں‘۔

انہوں نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ شاندار آدمی ہیں، اسی لیے عین ممکن ہے کہ ہم دوبارہ وہاں جائیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذاکرات کے امکانات اس لیے زیادہ ہیں کیوں کہ ’فیلڈ مارشل اس معاملے میں بہترین کام کر رہے ہیں‘۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تنازع کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں، جس میں خاص طور پر پاکستان پیش پیش ہے۔

صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر رابطے بحال کرنے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں اور پاکستان ممکنہ طور پر دوبارہ مذاکرات کے دور اگلے دور کی میزبانی کرسکتا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *