بھارتی کرکٹر روہیت شرما کی ٹی وی کی دنیا میں انٹری، ٹیزر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی – Life & Style



091056113f098ba بھارتی کرکٹر روہیت شرما کی ٹی وی کی دنیا میں انٹری، ٹیزر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی - Life & Style

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہیت شرما کرکٹ میدان کے بعد اب ٹی وی اسکرین پر بھی اپنا جادو جگانے کے لیے تیار ہیں۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک مختصر ویڈیو کلپ نے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے جس میں روہیت شرما اپنے مشہور جملے ’کوئی بھی گارڈن میں نہیں گھومے گا‘ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔

یہ جملہ انہوں نے کرکٹ میچ کے دوران ساتھی کھلاڑیوں کو ہدایات دیتے ہوئے استعمال کیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر بے حد مقبول ہو گیا تھا۔ اس وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ سادہ سی بات ایک بڑے ٹی وی شو کی بنیاد بن جائے گی۔

سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کی جانب سے جاری کردہ اس مختصر ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ روہیت شرما اپنے اس وائرل جملے کی وجہ سے تھک چکے ہیں کیونکہ ہر جگہ مداح ان سے ان کے مشہور جملے کو دہرانے کی درخواست کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہیت اپنی اس اچانک شہرت سے جہاں تھوڑے حیران ہیں، وہیں وہ اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں مداحوں کو ایک بڑے سرپرائز کے لیے تیار رہنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔

روہیت شرما نے ٹیزر میں کہا، ”دو لائنیں کہہ دی، اتنا وائرل ہو گیا۔ جب میرا پورا شو آئے گا تو کیا ہوگا؟“ یہ لمحہ نہ صرف مزاحیہ ہے بلکہ شائقین کے لیے دلچسپی کا مرکز بھی بن گیا ہے۔

ان کے اس جملے نے اس تجسس کو مزید بڑھا دیا ہے کہ آخر یہ شو کس قسم کا ہوگا کیونکہ فی الحال اس کی تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کا ایک طوفان آ گیا ہے جہاں شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ایک نئے روپ میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ایک مداح نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے بلاک بسٹر قرار دیا جبکہ ایک اور صارف نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس شو کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

اگرچہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ کوئی کامیڈی شو ہوگا یا گفتگو پر مبنی پروگرام، لیکن پرومو کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس میں تفریح کا بھرپور عنصر موجود ہوگا۔

روہیت شرما کا یہ نیا سفر سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن اور سونی لو ایپ پر دکھایا جائے گا۔ اس سے قبل بھی روہت شرما مختلف پروگراموں میں اپنی حس مزاح کی وجہ سے داد سمیٹ چکے ہیں اور اب باقاعدہ طور پر ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھنا ان کے کیریئر کا ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

فی الحال سب کی نظریں شو کے باقاعدہ اعلان اور اس کی تاریخ پر جمی ہوئی ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *