پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول اس میچ میں نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا ہے، جب کہ قومی ٹیم نے اپنے 1000ویں ون ڈے میچ کے ساتھ اہم سنگِ میل بھی عبور کر لیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جب کہ سلمان علی آغا نائب کپتان کے طور پر میدان میں اتر رہے ہیں۔
پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، غازی غوری، عبدالصمد، شاداب خان، عرفات منہاس، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ہفتے کے روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں میں پاکستان کی جانب سے نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا ہے۔
میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم نے عرفات منہاس کو ڈیبیو کیپ دی جب کہ ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف نے انہیں ڈیبیو پر مبارکباد دی۔
آسٹریلوی اسکواڈ کی قیادت جوش انگلس کر رہے ہیں جب کہ پلیئنگ الیون میں الیکس کیری، میتھیو شارٹ، مارنس لبوشین، کیمرون گرین، میٹ رینشا، نیتھن ایلس، اولیور پیک، نیتھن ایلس، تنویر سنگھا اور بلی اسٹین لیک شامل ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کی ایک خاص اہمیت یہ بھی ہے کہ یہ پاکستانی ٹیم ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا 1000واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل رہی ہے۔
اس اعزاز کے ساتھ پاکستانی ٹیم ایک ہزار ون ڈے انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل بھارت اور آسٹریلیا یہ سنگِ میل عبور کر چکے ہیں۔
بھارتی ٹیم فروری 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا 1000واں ون ڈے کھیل کر یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ٹیم تھی، جب کہ آسٹریلیا دوسری ٹیم ہے جس نے ایک ہزار ون ڈے میچز مکمل کیے ہیں۔
میچ سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے منیجر نے پاکستان ڈریسنگ روم کا دورہ بھی کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے عہدیداران کے درمیان تحائف کابھی تبادلہ ہوا۔
تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے 2 اور 4 جون کو لاہور میں ہوگا۔