غزہ کے لیے امدادی مشن پر جانے والی گلوبل صمود فلوٹیلا سے متعلق تشویشناک اطلاعات سامنے آئی ہیں، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے سوشل میڈیا پر ہنگامی پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلوٹیلا کو سمندر میں روک لیا گیا جبکہ کشتی پر فائرنگ بھی کی گئی۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق غزہ کے لیے انسانی امداد لے کر روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا مشن کے دوران سعد ایدھی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ شاید ہماری آخری اپڈیٹ ہو، انہوں نے بتایا کہ مشن کو راستے میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے اور ان کی بوٹ پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سعد ایدھی سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔
اُدھر فیصل ایدھی نے اس معاملے پر پاکستانی اعلیٰ حکام سے فوری رابطہ کیا ہے تاکہ مشن میں شامل افراد کی حفاظت اور صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔
واضح رہے سعد ایدھی ترکیے سے15 مئی کوقافلے کے ہمراہ غزہ کےلیے روانہ ہوئے تھے۔