وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، امریکا ایران کشیدگی کم کرانے پر پاکستان کی تعریف – Pakistan



25152242d88382d وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، امریکا ایران کشیدگی کم کرانے پر پاکستان کی تعریف - Pakistan

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی صدر شی جنگ پنگ سے اہم ملاقات کی ہے جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی میڈیا کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہے اور دونوں ممالک نے وقت کی ہر آزمائش میں ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات ہوئی تھی جہاں  پاک چین شراکت داری کو اعلیٰ معیار کے تعاون کے نئے مرحلے میں داخل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ 

اس موقع پر سرمایہ کاری، زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی 15 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین دیرینہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی، اسٹریٹجک تعاون، ترقی اورخوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *