پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے ’اسپارکو‘ کے فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کے آغاز کے لیے اہم پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
’اسپارکو‘ کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جو چاند کی رویت کے لیے ایک اہم فلکیاتی اشارہ سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر موسم صاف ہو اور افق کے قریب حدِ نگاہ بہتر ہو تو 17 مئی کی شام ذوالحج کا نیا چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔
لہٰذا یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ اس حساب سے عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
اسپارکو نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اندازے مکمل طور پر فلکیاتی حسابات پر مبنی ہیں، جبکہ ذوالحج کے چاند کی رویت اور مہینے کے آغاز سے متعلق حتمی فیصلہ مرکزی روئتِ ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے حاصل ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی روشنی میں باضابطہ اعلان جاری کرتی ہے۔